ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بُل ٹرالر اور لائٹ فشنگ کے مسائل سے نمٹنے کے لئے گوا میں تین ریاستوں کا مشترکہ اجلاس

بُل ٹرالر اور لائٹ فشنگ کے مسائل سے نمٹنے کے لئے گوا میں تین ریاستوں کا مشترکہ اجلاس

Wed, 04 Oct 2017 19:18:57    S.O. News Service

کاروار، 4اکتوبر (ایس او نیوز) گہرے سمندر میں بُل ٹرالر اور لائٹ فشنگ کے طریقوں سے ماہی گیری کے مسائل روز بروز بڑھتے جارہے ہیں۔ اس ضمن میں سرکاری طور پر جو احکامات جاری کیے جاتے ہیں ان پر عمل درآمد نہیں ہوتا اور ماہی گیر ان احکامات کو خاطر میں نہیں لاتے۔

ماہی گیری سے متعلق ان سنگین مسائل کا حل تلاش کرنے کے لئے گوا ، کرناٹکا اور مہاراشٹرا جیسی تین ریاستوں کے محکمہ جاتی افسران کا ایک اہم اجلاس گو ا میں منعقد کیا گیا ہے۔12ناٹیکل مائلس جتنے فاصلے پرگہرے پانیوں میں گوا، مہاراشٹرا وغیرہ کے مچھیرے ایک دوسرے کے علاقوں میں گھس کر مچھلیوں کو شکار کرنے سے ماہی گیروں کے درمیان بار بار پیدا ہونے والے تنازعات اس میٹنگ کے اہم ایجنڈے میں شامل ہیں۔کہا جاتا ہے کہ اس میٹنگ میں بُل ٹرالر اور لائٹ فشنگ کے طریقوں پر تین ریاستیں ایک مشترکہ موقف اپنانے کی کوشش کریں گی۔

خیال رہے کہ کرناٹکا نے بُل ٹرالر اور لائٹ فشنگ کے طریقے پر فی الحال پابندی لگارکھی ہے۔ لیکن اس حکم پر کہیں بھی عمل در آمد نہیں ہورہا ہے۔خاص کر منگلورو کے ماہی گیر بُل ٹرالر کااستعمال کررہے ہیں۔ حالانکہ فشریز کے وزیر پرمود مدھوراج نے بل ٹرالر پر مکمل پابندی ہونے کا اعلان کیا تھا مگر لگتا ہے کہ اس کا اطلاق منگلورو کے ماہی گیروں پر نہیں ہواہے۔اسی طرح لائٹ فشنگ بھی جیسے بے روک ٹوک جاری ہے۔ اس پر پابندی لگائے جانے کے باوجود افسران کے پاس معائنہ کرنے اور اس حکم پر عمل درآمد کروانے کے لئے ضروری وسائل کی کمی پائی جاتی ہے۔اس طرح سرکاری حکم نامے صرف کاغذی کارروائی کے سوااورکسی کام کے نہیں رہ گئے ہیں۔اب ہوسکتا ہے کہ تین ریاستوں کے مشترکہ اجلاس سے کسی عملی کارروائی کا آغاز ہوجائے۔


Share: